وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی نیلا گنبد آمد، واسا ڈرین تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

Last Updated On 09 July,2020 09:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی نیلا گنبد جی پی او چوک آمد، حاجی کیمپ تا دریائے راوی واسا ڈرین کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لاہور میں مون سون بارشوں کے پیش نظر 8 مرکزی ڈرینز کی ہنگامی طور پر صفائی کی گئی ہے۔ لکشمی چوک میں بارش کے پانی کو نکالنے کیلئے 3 جنریٹر اور 2 پاور کنکشن کا اہتمام کر لیا گیا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہور میں پاکستان کا سب سے 14 لاکھ گیلن کا پہلا انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج بنایا گیا ہے۔ انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج کی گنجائش کو مزید 2 لاکھ گیلن تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ سٹوریج کے پانی کو آبپاشی اور دیگر مفید مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے 11 کلومیٹر طویل ڈرین بچھا رہی ہے۔ بوہڑ والا چوک سے شروع ہونے والی ڈرین مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی دریائے راوی تک جائے گی۔ اس کے علاوہ مال روڈ پر نیلا گنبد کے قریب ڈرین کی کراسنگ کا کام مکمل کر لیا ہے۔ مون سون سیزن میں اس ڈرین کی تعمیر سے لاہور کے کئی علاقوں میں پانی کھڑا نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس بارشوں کے باعث لاہور کے بعض علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ہماری حکومت نے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے۔

انہوں نے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ لارنس روڈ پر اب کئی کئی فٹ پانی کھڑا نہیں ہوگا۔ یہ ہماری حکومت کا لاہور کے باسیوں کی سہولت کیلئے مثالی منصوبہ ہے۔ پاکستان میں پہلی بار بارشی پانی کو سٹور کرکے استعمال میں لایا جائے گا۔ محفوظ ہونے والے پانی کو ہارٹیکلچر کیلئے استعمال کیا جاسکے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ واسا نے لاہور میں مون سون سیزن کے پیش نظر 31 مقامات پر امدادی کیمپ لگا دیئے ہیں جبکہ 26 مقامات پر پانی نکالنے والی مشینیں بھی موجود ہوں گی۔ انشاء اللہ ہمارے اقدامات سے اس بار لاہور میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی ممکن ہوگی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جی پی او چوک میں مون سون ایمرجنسی کیمپ کا بھی معائنہ کرتے ہوئے اس میں دستیاب سہولتوں اور آلات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بارش کے پانی کی پیمائش کے بارے میں بتانے والے جدید ترین آلات کا بھی معائنہ کیا۔

ایم ڈی واسا نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ڈرین کی تعمیر کے منصوبے، لارنس روڈ پر واٹر سٹوریج پراجیکٹ اور مون سون سیزن کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر لاہور اور ڈی جی ایل ڈی اے بھی اس موقع پر موجود تھے۔