کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ عمر ایوب نے اپنی نااہلی اور ناکامی کا ملبہ سندھ حکومت پر گرانے کی ناکام کوشش کی، کے الیکٹرک سندھ حکومت کے اختیار میں نہیں آتی۔
وزیر توانائی سندھ نے قومی اسمبلی میں عمر ایوب کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیپرا ایک اتھارٹی ہے۔ چیئرمین اور تمام ممبران مل کر فیصلہ کرتے ہیں۔ کے الیکٹرک میں وفاقی حکومت کا 26 فیصد حصہ ہے۔ اس کے بورڈ میں بھی وفاقی حکومت کی نمائندگی ہے۔ وزیراعظم کے الیکٹرک کے خلاف ایکشن کیوں نہیں لیتے؟
ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک سندھ حکومت کے اختیار میں نہیں آتی۔ لوڈشیڈنگ صرف کراچی کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا مسئلہ ہے۔ لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار وفاقی حکومت پر ہے۔ سندھ کے ساتھ سیاسی انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔
امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ وفاق اگر اس مسئلے پر سنجیدہ ہے تو وفاقی وزیر توانائی اور چیئرمین نیپرا کراچی آئیں اور صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر اس مسئلے کا حل نکالیں۔ پریس کانفرنس اور بیان بازی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔