آبادی میں اضافہ کی روک تھام کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے: صدر علوی

Last Updated On 11 July,2020 11:40 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ہماری معیشت اور موجود وسائل بے قابو انداز سے بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے ہمیشہ دباؤ کا شکار رہیں گے۔ اسلامی ممالک میں آبادی میں اضافہ کی روک تھام کے لیے جامع مہم کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اس عدم توازن میں ہم ایک نہ ختم ہونے والے دائرے کے رحم وکرم پر ہمیشہ غربت، خراب زچگی صحت، غذائی قلت اور جسمانی کمزوری سے لڑتے رہیں گے۔ ایسے میں کیا کیا جائے؟

ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ میرا مشورہ ہے کہ ایسے میں ہمیں رضاعت (Breast Feeding) کو فروغ دینا ہو گا۔ یہ قرآنی تعلیمات کے عین مطابق ہے جس میں بچے کو 36-24 ماہ دودھ پلانے کی تاکید ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ یہ قدم اس عرصے میں حمل سے بچاتا ہے، ماں کی غذائیت کی کمی پوری ہوتی اور بچے کی جسمانی نشوونما بھی بہتر ہوتی ہے۔ اس میں علماء کا اہم کردار ہے۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں مانع حمل ادویات تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے 40 لاکھ بلا خواہش زچگیاں ہوتی ہیں۔ صدر کی زیرِ نگرانی ٹاسک فورس برائے آبادی اِسے ایک آسان ٹارگٹ سمجھتی ہے جسکے جلد نتائج آ سکتے ہیں۔ لہٰذا ہم انکی پاکستان میں مینوفیکچرنگ کی اور اس صنعت کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کا اس حوالے سے اہم کردار ہے۔ میڈیا نے کورونا کے تدارک کیلئے حفاظتی تدابیر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ باقی اسلامی ممالک کی طرز پر پاکستان میں بھی ایک آگاہی مہم تیار ہے۔ جیسا کہ وزیرِ اعظم نے مجھ سے ٹاسک فورس کی سربراہی دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک قومی ایمرجنسی ہے۔