اورنج ٹرین منصوبہ: ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے دو ماہ کی مہلت مانگ لی

Last Updated On 15 July,2020 08:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اورنج ٹرین پر سفر کیلئے شہری مزید ساٹھ دن کا انتظار کریں کیونکہ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے منصوبے کو فعال کرنے کیلئے دو ماہ کی مہلت مانگ لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اورنج ٹرین فعال نہ ہونے کی وجوہات وزیراعلیٰ کو پیش کر دی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ٹریک پر سول اور مکینیکل ورک 100 فیصد جبکہ اس سے ملحقہ ایڈ گریڈ ورک 95 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے کورونا کو میٹرو اورنج ٹرین فعال نہ ہونے میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے میٹرو ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا ہے کہ آپریشنز اور مینٹی ننس کنٹریکٹر سٹاف کی ٹریننگ نہیں ہو سکی ہے۔ ٹریننگ کے دوران بیشترسٹاف کورونا کا شکار ہوا جس سے ٹریننگ رک گئی۔

اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے چین سے فلائٹ نہ آنے کی وجہ سے ٹیکنیکل انجینئرز کی آمد بھی ممکن نہیں ہو سکی ہے۔