اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جا رہی ہے۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سٹیل ملز اور پی ٹی ڈی سی کے ملازمین کو نکال دیا گیا، پی آئی اے کو تقریر کرکے گرایا گیا۔ ٹھیک ہے ہم نے کوئی گل نہیں کھلائے تھے لیکن جہازوں کو ہوا میں رکھا تھا۔
سینیٹر شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ سول ایوی ایشن کو بلا کر پوچھا جائے کہ کیوں ایسے لائسنس دیئے؟ اصل مسئلے پر بات نہیں ہو رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی انا کیا کشمیر ایشو سے زیادہ ہے۔ وزیراعظم اس اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بلاول کے خلاف گندی مہم چلائی جا رہی ہے۔ صبح وشام کہا جاتا ہے کہ کرپٹ لوگوں سے بات نہیں کریں گے۔ آدھی کیبنٹ گھر چلی جائے تو بہتر ہوگا۔
شیری رحمان نے کہا کہ انوکھے لاڈلے کرپٹ ترین ہو کر بھی ملک سے باہر چلے جاتے ہیں لیکن ہماری لیڈرشپ عدالتوں میں جا رہی ہے۔ جمعرات کو شہباز شریف اور جمعے کو آصف زرداری کی پیشی ہوگی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ مالم جبہ تاریخ کا کرپٹ ترین کیس ہے، شوگر اور آٹا کمیشن پر کیا ہوا؟