لاہور: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقبول گلوکارہ حدیقہ کیانی کے کشمیریوں کے لیے گائے گانے کی تعریف کردی۔
تفصیلات کے مطابق فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گلوکارہ نے ڈاکٹر عارف علوی کے تعریفی پیغام کی تصویر شیئر کی ہے جس پر تحریر ہے کہ کشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہد کی عکاسی کرتا یہ ایک بہترین گانا ہے۔ انشاءاللہ کشمیریوں کے خواب، جیسا کہ اس گانے میں بتائے گئے ہیں، ایک دن حقیقت ہوں گے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ یہ واقعی ایک دل کو گرما دینے والا گانا ہے، کشمیریوں پر جو بھارت ظلم و ستم، قتل و غارت کررہا ہے اس کا خاتمہ ہوگا اور کشمیر آزاد ہوگا۔
اس پوسٹ کے ساتھ ہی کیپشن میں حدیقہ کیانی نے لکھا کہ میں ان تمام لوگوں کی بے حد شکر گزار ہوں جنہوں نے اس گانے کو پسند کیا اور مجھے سپورٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: گلوکارہ حدیقہ کیانی کا ترک گلوکاروں کیساتھ مل کر کشمیری شہداء کو خراج تحسین
گلوکارہ نے مزید لکھا کہ میں ایک گلوکارہ ہوں اور میں صرف یہ کرسکتی ہوں کہ اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے مظلوموں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے اپنی آواز بلند کرسکتی ہوں۔ اپنی اس پوسٹ میں اپنے ساتھی ترک فنکاروں کی بھی مشکور ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ ہم صرف ایک گانا گا کر نہیں رک سکتے بلکہ ہمیں کشمیریوں کی آواز سننے کی بھی ضرورت ہے۔
کشمیری فنکاروں کے ساتھ بھی گانا گانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ مظلوموں کے لیے بلند کی گئی میری آواز عالمی رہنماﺅں تک پہنچے گی اور وہ اس سلسلے میں مدد کریں گے۔ ہمیں انصاف، امن اور محبت کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ 13جولائی یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر حدیقہ کیانی نے ترک فنکار علی ٹولگا ڈیمرٹاس اور ٹورگی ایورین کے ساتھ مل کر خصوصی گانا جاری کیا تھا جس میں انہوں نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔
حدیقہ کیانی اور ترک فنکاروں کا یہ گانا تین مختلف زبانوں میں جاری کیا گیا ہے جن میں اردو، ترکش اور کشمیری زبان شامل ہے جبکہ گانے کا دورانیہ 3 منٹ 37 سیکنڈز ہے۔گانے کی ویڈیو میں شہدائے کشمیر کی تصاویر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے مظالم کو دکھایا گیا ہے۔
حدیقہ کیانی و ترک گلوکاروں کی کشمیری شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کی ویڈیو یوٹیوب نے ہٹادی
دوسری طرف ویڈیو سٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے حدیقہ کیانی و ترک گلوکاروں کے گانے کو کاپی رائٹس اور نجی ویڈیوز کے لیبل کے تحت ہٹادیا۔
Commemorating the July 13, 1931 #KashmirMartyrsDay & July 15, 2016 failed coup in Turkey. Kashmir Civitas launches a musical tribute with @Hadiqa_Kiani @alitolgamusic & @TurgayEvren1 #Kashmir #KashmiriLivesMatter #Pakistan @ImranKhanPTI @Masood__Khan
— Kashmir Civitas (@CivitasKashmir) July 13, 2020
. pic.twitter.com/ha7BLWwi53
حدیقہ کیانی نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں بھی اس بات کی تصدیق کی کہ یوٹیوب نے بڑی خاموشی اور منظم انداز سے ان کی ویڈیو ہٹادی، تاہم وہ خاموش نہیں بیٹھنے والی، وہ اور کشمیری سیویتاس ویڈیو ہٹائے جانے پر مسلسل کام کر رہے ہیں۔
اداکارہ نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ انہوں نے گانے کے ذریعے محبت اور امن کا پیغام دیا اور وہ گانے کو ہٹائے جانے پر یوں خاموشی سے نہیں بیٹھنی والیں۔
حدیقہ کیانی نے بتایا کہ جیسے یوٹیوب پر ویڈیو بحال ہوجاتی ہے تو وہ مداحوں کو اس حوالے سے باخبر کریں گی۔
یوٹیوب کی جانب سے حدیقہ کیانی کے چینل سے ویڈیو کو کاپی رائٹس کے تحت ہٹائے جانے کا دعویٰ کیا گیا جب کہ کشیمیری سیویتاس کے چینل سے ویڈیو کو ہٹائے جانے پر پیغام آرہا ہے کہ مذکورہ ویڈیو نجی کردی گئی۔