سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی سے کورونا پر قابو پانے میں مدد ملی ہے: صدر مملکت

Last Updated On 15 July,2020 06:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر ڈاکٹرعارف علوی نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ کورونا وائرس کی وبا کے خطرے سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔

وہ آج اسلام آباد میں مظفر گڑھ اور راجن پور میں موبائل براڈ بینڈ کی تیز رفتار سروس کی فراہمی سے متعلق معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

صدر مملکت نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ ماہ کورونا وائرس کی وبا کے اپنی انتہا پر پہنچنے کے بعد اب متاثرہ مریضوں کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کی طرف سے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد سے بھی صورتحال پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔

ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافے سمیت اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کا حوالہ دیتےہوئے صدر نے کہا کہ اس سے اس بات کاا شارہ ملتا ہے کہ معاشی شعبے میں بہتری آرہی ہے۔

صدر عارف علوی نے ملک بھر میں براڈ بینڈ کی سروس کی رسائی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کےلئے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے یہ انتہائی اہم ہے۔
 

Advertisement