ملک میں بحرانوں کے ذمہ دار وزیراعظم عمران خان ہیں: قمر زمان کائرہ

Last Updated On 15 July,2020 06:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے وزیراعظم کو ملک میں پیدا شدہ بحرانوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو مسائل ختم ہو گئے تھے، اب پھر اٹھ رہے ہیں۔ لوگ دو سال کا حساب مانگ رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو ہمیشہ اکٹھے ہوتے وقت لگتا ہے۔ شہباز شریف کی طبعیت بہتر ہو گئی ہے، جلد آل پارٹیز کانفرنس ہوگی۔ حکومت کا مزید چلنا پاکستان کے لیے نقصان دہ ہے۔

قمر زمان کائرہ نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کورونا سمیت ہر چیز میں سازش نظر آ رہی ہے۔ خان صاحب! یہ سازشی تھیوری نہیں چلے گی۔

پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کا راستہ درست نہیں ہے۔ وہ الیکشن میں کیے وعدوں سے مکر گئے، اس لیے یوٹرن کا سہارا لیا۔ ملک دشمن جماعتیں ان کے ساتھ مل جائیں تو محب وطن جبکہ اپوزیشن جماعتیں غدار ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب! صرف سندھ حکومت پر الزام لگانے سے کام نہیں چلے گا۔ عدالتوں کے نوٹس کے باوجود چینی کی قیمت کم نہیں ہوئی۔ گندم کا بحران پھر سر اٹھا رہا ہے۔ اسے سمگل کیا جا رہا ہے، اس کا جواب دینا ہوگا۔ ہر کام سابق حکومت پر ڈال دیا جاتا ہے لیکن اپنے لاڈلوں کے خلاف ایکشن نہیں لیتے۔