لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 اگست سے شروع ہونے والی ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز بائیو سیکیور ماحول میں کھیلی جائے گی۔ بند دروازوں میں شیڈول اس سیریز میں کھیل کے سب سے اہم سٹیک ہولڈر، شائقین کرکٹ، انکلوژرز میں بیٹھ کر اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کرسکیں گے۔
کھلاڑیوں اور مداحوں کے درمیان ان ممکنہ فاصلوں کو دور کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ میں موجود چیمپئن بیٹسمین بابر اعظم اور لاہور میں موجود اُنکی 8 سالہ مداح کے درمیان ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔
بابر اعظم کی 8 سالہ مداح سامعہ افسر کو بطور کرکٹ فین اس وقت شہرت ملی جب رواں سال کے آغاز میں ان کی نیٹ پر شاندار بیٹنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ اس ویڈیو میں ننھی کرکٹر ہر گیند پر دلکش اسٹروکس کھیلتی نظر آئیں۔
اس موقع پر سری لنکا کے سابق کپتان اور ایم سی سی کے موجودہ صدر کمار سنگاکارا نے سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ننھی کرکٹر کی ویڈیو سے آگے نہیں بڑھ پارہے، اس کی تکنیک ان سے بھی بہتر ہے اور انہیں کرکٹ میں ایسے ٹیلنٹ کو دیکھ کر بہت حوصلہ ملتا ہے۔