اسلام آباد: (دنیا نیوز) صحت کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ صحت کارکن مثالی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ملک میں ان کے نصب العین کے عزم کی وجہ سے کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی آ رہی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ طبی عملے کے کارکنوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ وہ کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے طبی عملے کے کارکنوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی ہے اور اس حوالے سے ملکی اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک بھر میں صحت عامہ کے ایک لاکھ سے زائد صحت کارکنوں کو ذاتی تحفظ کے سامان کے مناسب استعمال کے لئے خصوصی تربیت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘’ہم نگہداشت کرتے ہیں’’ کے اقدامات کے تحت وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے ساٹھ ہزار سے زائد صحت کارکن پہلے ہی تربیت مکمل کر چکے ہیں۔ معاون خصوصی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر اعلان کردہ اصولوں پر پرعملدرآمد کریں۔