نیویارک: (دنیا نیوز/ ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی افغانستان سے ہوتی ہے، کالعدم ٹی ٹی پی کی قیادت سرحد پار سے کارروائیوں کی ذمہ دار ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم جماعت الاحرار بھی پاکستان میں ہونے والی دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہے۔ یہ کالعدم تنظیمیں پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکی ہیں جبکہ افغانستان میں داعش کی موجودگی خطے کے لئے خطرہ ہے۔
یو این رپورٹ میں تشویش کا اظہار کرتے کہا گیا ہے کہ انڈیا میں موجود دہشتگرد عناصر ہمسایہ ممالک کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔ عالمی براداری ایسے عناصر کے خلاف ایکشن لینے کیلئے ہندوستا پر دباؤ بڑھا رہی ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے۔ نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے بھی واضح کر دیا کہ افغانستان سے ہونیوالی دہشتگردی میں بھارت ہی ملوث ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں دہشتگرد موجود ہیں جو سری لنکا سمیت خطے کے دیگر ممالک میں دہشتگردانہ کارروائیاں کررہے ہیں۔ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے استعمال ہو رہی ہے جس کا جواب دینا ہوگا۔
منیر اکرم نے کہا کہ بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا ہے۔ بھارت کی دہشت گردی کو ہر پلیٹ فارم پر بے نقاب کریں گے۔