کورونا صورتحال: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا عید الاضحٰی سادگی سے منانے کا فیصلہ

Last Updated On 26 July,2020 10:55 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ محمود خان نے تمام کابینہ ممبران کو بھی عید سادگی سے منانے کی ہدایت کرتے ہوئے سیاحتی مقامات پر جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کابینہ ممبران اپنے حجروں میں لوگوں سے عید نہ ملیںجبکہ ابھی سیاحتی مقامات کو بھی کھولنے کا فیصلہ نہیں ہوا، عوام بھی سیاحتی مقامات کی طرف جانے سے اجتناب کریں۔

وزیراعلیٰ نے اپیل کی کہ عید پر کورونا وبا کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور عید سادگی سے اپنے گھروں پر منائیں۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ عوام عید کے ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں انتظامیہ سے تعاون کریں، اس سلسلے میں منتخب عوامی نمائندوں، مذہبی اور سیاسی قائدین سے بھی کردار ادا کرنے کی اپیل ہے۔

انہوں نے کہا اس عید پر کورونا وبا کے متوقع پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ عید پر ایک دوسرے سے گلے ملنے اور رش لگانے سے گریز کیا جائے۔ اگر ہم اس عید پر کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیاب رہے تو ہم مستقل طور پر اسے چھٹکارا حاصل کر سکیں گے۔