لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال بہتر رہی تو یہ آخری لاک ڈاؤن ہوگا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ کی پاکستان پر خاص عنایت ہے۔ انشاء اللہ بہت امید ہے کہ آئندہ 8 دنوں بعد اچھی خبر سامنے آئے گی۔ بہتر پوزیشن میں ہونگے تو سب کچھ کھول دیں گے۔ آئندہ دنوں کے اندر ہمیں صیح پوزیشن کا اندازہ ہو جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں وبا ختم نہیں ہوئی، آج 172 کیسز سامنے آئے ہیں۔ شہریوں نے حفاظتی تدابیر پر بالکل عمل نہیں کیا۔ ہمیں آئندہ احتیاط کرنا ہوگی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ مارکیٹیوں میں رش دیکھنے کے بعد خدشہ تھا کہ کیسز بڑھیں گے۔ آج لاک ڈاؤن کرکے سختی کرنا پڑی، تاہم کھانے پینے کی اشیا اور مویشی منڈیوں کو بھی بند نہیں کیا جا رہا۔
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے حالات بہت بہتر ہیں۔ خوش آئند بات ہے آج کے دن پنجاب میں کوئی اموات نہیں ہوئی۔