اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات میں 87 فیصد کمی آئی، تاہم اب بھی لاپرواہی کی گنجائش نہیں ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ الحمدللہ آج پاکستان میں گزشتہ تین ماہ کے دوران کووڈ۔19 سے سب سے کم اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔
پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 20 جون کو ہونے والی 153 اموات کے مقابلے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 20 اموات رپورٹ ہوئیں، یعنی کورونا وائرس سے اموات میں 87 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی کسی لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
آج الحمدللہ پاکستان میں گذشتہ 3 ماہ کے دوران کورونا کے نتیجے میں سب سے کم اموات ریکارڈ ہوئیں. 20 جون کوہونے والی 153 اموات کے مقابلے میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 20ہوئیں. یعنیCOVID-19 کے نتیجے میں ہونے والی اموات میں %87 کمی آئی ہے لیکن اب بھی کسی لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں! pic.twitter.com/YRQac7v7Td
— Zafar Mirza (@zfrmrza) July 27, 2020
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کیسز میں 80 فیصد کمی ہوئی ہے، معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا
خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر ظفر مرزا نے قومی کو خوشخبری دیتے ہوئے بتایا تھا کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں 80 فیصد کمی ہوئی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران میڈٰیا کو بریفنگ میں ان کہنا تھا کہ کورونا سے متعلق صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ عالمی سطح پر بھی پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کا اقرار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عالمی اداروں کے اندازے دھرے کے دھرے رہ گئے، 2 لاکھ 73 ہزار تشخیص شدہ مریضوں میں سے 2 لاکھ 37 ہزار صحتیاب ہوئے۔
ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان کو اب 2 بڑے چیلنجز عید اور محرم الحرام پر درپیش ہیں۔ عید اور محرم الحرام کے دوران کورونا کے چیلنج کا سامنا ہوگا۔
معاون خصوصی صحت نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ عیدالفطر پر سماجی فاصلہ نظر انداز کرنے سے کورونا پھیلا، سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیر کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر انتہائی سمجھ داری کے ساتھ فیصلے کرنے ہیں، عیدالاضحیٰ کیلئے بہت پہلے سے تیاری شروع کی ہے، عیدالاضحیٰ کیلئے علمائے کرام سے مشاورت کی۔