لاہور: (دنیا نیوز) تین بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے لاہور میں ڈیرے، بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمن اور شہباز شریف میں ایک کے بعد ایک اہم ملاقات ہوئی۔
تفصیل کے مطابق ماڈل ٹاؤن لاہور میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے صدر مسلم لیگ ن سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میاں شہباز شریف نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کو نقصان پہنچانے کی ایسی مثال 70 برس میں نہیں ملتی۔ حکومت مکمل ناکام ہو چکی، اس کا مزید رہنا ملک کے لیے خطرناک ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام اور اپوزیشن ایک پیج پر ہیں۔ عید کے بعد رہبر کمیٹی کے اجلاس اور اے پی سی سے عوام کے لیے خوشخبری نکلے گی۔
اس سے قبل لاہور کے نجی ہوٹل میں سربراہ جے یو آئی (ف) کی چیئرمین پیپلز پارٹی سے اہم ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں میں رہبر کمیٹی کے اجلاس، اے پی سی کے ایجنڈا اور حکومت ہٹاؤ مہم پر مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے بعد بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ناکام ہو چکی ہے، عمران خان کی حکومت کو جانا ہوگا۔ جبکہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن متحد ہو رہی ہے، حکومت کو چوری کیا ہوا عوامی مینڈیٹ واپس کرنا ہوگا۔