اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو آج شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، دونوں کے بغل میں چھری اور منہ میں رام رام، ان کا بننا کچھ نہیں ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شبلی فراز نے کہا کہ کراچی کے عوام کو ریلیف دینے کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے لیکن اس نے کوئی کام نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سندھ کے شہریوں کیلئے جو بھی کر سکی، وہ کرے گی۔ سندھ میں اداروں اور انفراسٹرکچر پر پوری کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ لگتا ہے کہ جیسے کراچی میں سیوریج کا کوئی نظام ہی نہیں ہے۔ یہی سندھ حکومت کی بہت بڑی نااہلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے شہریوں کی تکلیف کا فوری ازالہ کیا جائے۔ بارشوں سے کراچی کے شہریوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا، پورا نظام تباہ ہو گیا۔ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی شہریوں کی مدد کریں گے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سندھ پر پیپلز پارٹی کی طویل عرصے سے حکومت ہے، ان کی کارکردگی سامنے ہے۔ لوگوں کو کتنی تکلیف سے گزرنا پڑا کسی بھی مہذب ملک میں یہ صورتحال کافی تکلیف دہ ہے۔ اب بہت سی بیماریاں بھی پھیلیں گی۔ سندھ حکومت اس حوالے سے ذمہ دار اور جواب دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کیخلاف سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کامیاب رہی۔ اب عید کے موقع پر عوام ذمہ داری کا ثبوت دیں۔ کئی ممالک میں بے احتیاطی سے دوبارہ یہ بیماری پھیلی ہے۔