پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی میں خاصہ دار فورس ترمیمی بل منظور کرلیا گیا، صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور لٹکتی تاروں پر اپوزیشن اور حکومتی رکن نے واپڈا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس ڈپٹی اسپیکر محمود جان کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں خیبرپختونخوا خاصہ دار فورس ترامیمی بل منظور کیا گیا، اسمبلی میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل پیش کیا گیا۔ اجلاس میں اے این پی کے رکن وقار احمد نے اظہار خیال کیا کہ سوات میں بجلی کی تاریں گرنے سے تین مزدور زخمی ہوئے، ہسپتال میں زیر علاج ہیں، مزدوروں پر بجلی کی تاریں گرنا پیسکو کی غلفت کا نتیجہ ہے، حکومت ان کے علاج کے لیے مالی امداد کا اعلان کرے۔
حکومتی رکن فضل الہٰی کا کہنا تھاکہ شدید گرمی میں کئی گھنٹے بجلی بند رہتی ہے، ہماری برداشت ختم ہوری ہے۔ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہ ہوا تو شدید احتجاج کریں گے۔ پیسکو کی غلفت کے باعث بجلی تاریں جگہ جگہ لٹک رہی ہیں۔
اسپیکر نے رولنگ دی کہ عید کے دنوں میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے، 20، 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت ہے۔ حکومتی رکن نے لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونے پر احتجاج کا اعلان کیا، کورم پورا نہ ہونے پراسمبلی اجلاس تین اگست سہ تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔