خیبر پختونخوا: طالبات پر برقع پہننے کا نوٹیفکیشن واپس

Last Updated On 17 September,2019 09:17 am

پشاور: (روزنامہ دنیا) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سرکاری سکولوں میں طالبات پر برقع پہننے کو لازمی قرار دینے کا نوٹس واپس لے لیا۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے مطابق وزیر اعلی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ طالبات کے لازمی برقع پہننے کا نوٹیفکیشن واپس لے۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فی میل نے حکومتی اجازت لیے بغیر نوٹیفکیشن جاری کیا۔

اس حوالے سے سیکرٹری تعلیم خیبر پختونخوا ارشد خان نے کہا کہ حکومت نے ایسی کوئی پالیسی نہیں بنائی جس کے تحت چادر یا برقع لینا لازمی ہو۔ ارشد خان نے مزید بتایا کہ کسی افسر کو اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ حکومتی پالیسی کے بغیر اپنے طور پر فیصلہ کرے، صبح نوٹیفکیشن واپس لے لیں گے۔

اس حوالے سے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ سرکاری سکولز میں بچیوں کیلئے عبایا پہننے کو لازمی قرار نہیں دیا، ڈی ای او ہری پور نے والدین کی مرضی سے عبایا پہننے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
 

Advertisement