سعید غنی اور میئر کراچی کا شہر کا دورہ، صفائی کے انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار

Last Updated On 02 August,2020 09:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر سعید غنی اور میئر کراچی نے شہر کا دورہ کیا۔ انہوں چند علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہارکیا۔ سعید غنی نے نالوں کی صفائی میں تجاوزات اور وفاقی منصوبوں کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے اعتراف کیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ عید سے قبل مکمل کچرا اٹھانے میں ناکام رہی جبکہ کچھ اضلاع میں مکمل ٹرانسپورٹ بھی نہیں پہنچ سکی۔ وہ میئر کراچی کے ہمراہ مختلف علاقوں کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

مئیر کراچی بھی سرکاری اداروں کی کارکردگی پر آگ بگولہ نظر آئے اور کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کہیں نظر نہیں آیا۔ عوام حکومتی ہیلپ لائن پر کال کر رہے ہیں لیکن کوئی فون نہیں اٹھا رہا۔

سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ ضلع وسطی میں نالے سیمنٹ کے پتھروں کی وجہ سے بلاک تھے۔ وفاقی ترقیاتی منصوبوں کے باعث مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او یہاں کام کریں تاکہ انہیں بھی مسائل کا پتا چلے۔ نالوں کی صفائی میں انکروچمنٹ بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔

دوسری جانب وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارشوں کے دوران مشکلات گرین لائن منصوبے کی وجہ سے پیش آئیں۔ پہلے بارش ہوتی تھی تو سارے روڈز بند ہو جاتے تھے، اس بار ایسا نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ چند علاقوں میں مشکلات پیش آئیں، تکلیف پر شہریوں سے معذرت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نالوں کی صفائی کیلئے کمشنرز کو فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں سے اپنا پورا حصہ مانگ کر وزیراعلیٰ سندھ نے آئینی اور قانونی بات کی ہے۔ بلوچستان، پنجاب، کے پی کے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو بھی زیادہ حصہ ملنا چاہیے۔