کورونا سے نمٹنے کیلئے اقدامات کو سپریم کورٹ نے سراہا: فیاض الحسن چوہان

Last Updated On 04 August,2020 11:24 am

لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے اقدامات کو سپریم کورٹ نے سراہا، بزدار حکومت کے اعلانات سے زیادہ اقدامات بولتے ہیں، مہلک وائرس کے خلاف نمایاں کامیابیاں مل رہی ہیں۔

وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے از خود نوٹس کی سماعت کے دوران معزز جج صاحبان نے بزدار حکومت کے انتظامات کو موثر قرار دیا، معزز بنچ نے کہا کہ بزدار حکومت کے کرونا مخالف اقدامات مثبت اور درست سمت میں ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، مریضوں میں نمایاں کمی کی باعث سروسز ہسپتال، جناح ہسپتال، پی آئی سی سمیت بڑے ہسپتالوں میں کرونا وارڈز بند کر دیئے گئے ہیں، ان حوصلہ افزاء ریمارکس کی روشنی میں پنجاب حکومت کورونا پھیلاؤ کے خلاف مزید اقدامات جاری رکھے گی۔