یوم استحصال کشمیر: پنجاب حکومت کی گورنر ہاؤس سے چیئرنگ کراس تک ریلی

Last Updated On 05 August,2020 12:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے گورنر ہاؤس سے چیئرنگ کراس تک وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں صوبائی وزراء فیاض الحسن چوہان، میاں اسلم اقبال، ملک نعمان احمد لنگڑیال، اختر ملک اور ارکان پنجاب اسمبلی سمیت عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ صبح 10بجے سائرن بجایا گیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، ریلی میں ملی نغمے اور کشمیر کے ترانے گونجتے رہے۔ ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی بھرپور انداز میں مذمت کی اور کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو سلام پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریلی کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔ عثمان بزدارنے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں ایک شاہراہ کا نام سرینگر سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے مودی نے ظلم کیا، مودی کا چہرہ ہر سطح پر بے نقاب کر رہے ہیں، کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

ریلی کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کے مطابق 6 ایس پیز اور 9 ڈی ایس اپیز نے سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی جبکہ 31 ایس ایچ اوز اور 610 سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور رہے۔ ٹریفک پولیس کے 5 ڈی ایس پیز، 23 انسپکٹرز اور 200 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے، انٹری پوائنٹس پر واک تھروگیٹ بھی لگائے گئے۔
 

Advertisement