شوگر سبسڈی کی غیر جانبدرانہ تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا فیصلہ

Last Updated On 05 August,2020 06:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کے زیر صدارت اجلاس میں شوگر سبسڈی کی غیر جانبدرانہ اور شفاف تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیم نیب راولپنڈی کے تجربہ کار اور محنتی افسران پر مشتمل ہوگی۔ ٹیم میں دو انوسٹی گیشز افسران، فنانشل ایکسپرٹ اور لیگل کونسل ایکسپرٹ شامل ہوں گے۔

نیب ٹیم میں شوگر انڈسٹری کے معاملات کا تجربہ رکھنے والے ایکسپرٹ، فرانزک ایکسپرٹ، کیس افسر، ایڈیشنل ڈائریکٹر اور متعلقہ ڈائریکٹر بھی شامل ہوں گے۔

تحقیقات کی نگرانی ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کریں گے۔ نیب چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین، پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹبلیٹی اور ڈی جی آپریشنز ہر ماہ رپورٹ کا جائزہ لیں گے۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم شفاف تحقیقات کیلئے تمام صوبوں سے چینی سبسڈی سے متعلق مکمل تفصیلات لے سکے گی۔ ٹیم ایس ای سی پی سے متعلقہ کمپنیوں کی قانونی، مالی اور آڈٹ رپورٹس بھی لے سکے گی۔ ٹیم دیگر متعلقہ اداروں سے معلومات حاصل کرکے معاملہ کو تہہ تک پہنچائے گئی۔
 

Advertisement