بھارت سے ادویات درآمد سکینڈل، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے الزامات مسترد کو کردیا

Published On 13 August,2020 08:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے بھارت سے ادویات درآمد سکینڈل کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سے جو بھی چیز درآمد ہوئی وہ لائف سیونگ ڈرگس کیلئے تھی۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ بھارت سے لائف سیونگ ڈرگس کی آڑ میں دیگر ادویات کی درآمد کے الزامات غلط ہیں۔ بھارت سے ادویات درآمد کی ایک بڑی فہرست وفاقی کابینہ میں پیش کی گئی تھی۔

مشیر تجارت نے بھارت کے ساتھ دو طرفہ تجارت کی بحالی کا امکان رد کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا معاملہ حل ہوئے بغیر ایسا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارت کی بحالی ان کے اختیار میں نہیں، یہ ایک حساس معاملہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ دو طرفہ تجارت کی بحالی کے حوالے سے وہ اپنی ایک رائے رکھتے ہیں جو متعلقہ حکام کے سامنے پیش کر چکے ہیں۔