لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں تیزی سے تنزلی آنے لگی، رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران فی تولہ سونا 1 ہزار روپے سستا ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی تولہ اونس سونے کی قیمت میں دو امریکی ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی نئی قیمت 1 ہزار 931 امریکی ڈالر ہو گئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت ہونے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار روپے کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد تولہ سونے کی نئی قیمت ایک لاکھ 19 ہزار روپے ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی تاریخ میں پہلی بار فی تولہ سونا 6100 روپے سستا
رواں ہفتے کے چار کاروباری روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں 13 ہزار روپے کمی دیکھی گئی ہے۔ پہلے کاروباری روز کے دوران قیمت میں 3000، دوسرے کاروباری روز میں 2900، تیسرے کاروباری روز کے دوران 6100 روپے جبکہ آج چوتھے کاروباری روز کے دوران ایک ہزار روپے کمی ریکارڈ کی گئی۔
فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 858 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد دس گرام سونے کی نئی قیمت 1 لاکھ 2 ہزار 23 روپے ہو گئی ہے۔
دریں اثناء فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے جس کے بعد بالترتیب قیمت 1 ہزار 470 روپے ہو گئی ہے جبکہ 1 ہزار 260.28 روپے ہو گئی ہے۔