لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان میں تاحیات نا اہل ہیں، نواز شریف ضمانت لے کر بیرون ملک گئے، بیگم صفدر اعوان کے استاد پرویز رشید اور محمود اچکزئی ہیں، شہباز شریف، حمزہ شہباز اسمبلی میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے، بھارت میں برسر اقتدار جماعت خطے کیلئے خطرہ بنی ہوئی ہے، بھارتی ظلم و جبر کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان کا سیاسی نقشہ قوم اور کشمیریوں کی امنگوں کا ترجمان ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا بھارتی معاشرہ تقسیم کا شکار ہوچکا، مودی سرکار بھارت میں آر ایس ایس نظریے پر گامزن ہے، بنگلادیش اور دیگر ہمسایہ ممالک سے بھی بھارت کے تعلقات خراب ہوگئے، مودی نے عمل سے ثابت کیا کہ وہ نا پسندیدہ رہنما ہے۔