قومی ائیر لائن کی پیرس کے لئے متبادل ذرائع سے پروازیں بحال

Published On 16 August,2020 05:04 pm

اسلام آباد (دنیا نیوز) قومی ائیر لائن کی پیرس کے لئے متبادل ذرائع سے پروازیں بحال ہو گئی ہیں۔ یوم آزادی تقریبات کی مناسبت سے پروازوں کی بحالی برطانیہ اور یورپ سے شروع ہو گئی۔

 

قومی ائیر لائن کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی ائی اے کی پہلی پرواز پیرس سے اسلام آباد 260 مسافر لے کے کر روانہ ہو گئی۔ یہ پرواز پیرس کے مقامی وقت کے مطابق دو بجے روانہ ہوئی۔

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ یورپ کے لئے پی آئی اے فضائی آپریشن کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزارت ہوا بازی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی پی آئی اے پروازوں کی بحالی میں بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں۔

وزیر ہوا بازی نے کہا کہ بین الاقوامی سیفٹی ایجنسی کے تحفظات بہت جلد دور کر دیئے جائیں گے۔ اس پرواز میں 18 مسافروں نے ایگزیکیٹو اکانومی جبکہ 242 مسافروں نے اکانومی کلاس میں سفر کیا۔

دوسری جانب پی آئی اے ترجمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے معزز مسافروں کو پاکستان کے براہ راست سفر کے لئے متبادل ذرائع سے اقدامات کر رہی ہے۔ پرواز کے ذریعے 2.4 ٹن کارگو بھی پاکستان روانہ کیا گیا ہے۔ پیرس ائر پورٹ پر پی آئی اے کے کنٹری مینیجر اور اسٹیشن مینجر نے مسافروں کو رخصت کیا۔