یو اے ای کا اسرائیل کو تسلیم کرنا عربوں کی شکست کے مترادف ہے، سراج الحق

Published On 16 August,2020 08:14 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین ہمارے نظریاتی محاذ ہیں، بیت المقدس سے دستبردار ہوئے تو کل دنیا کشمیر سے بھی دستبردار کروا دے گی۔ متحدہ عرب امارات کا اسرائیل کو تسلیم کرنا عربوں کی اسرائیل سے شکست کے مترادف ہے۔

جماعت اسلامی کی راولپنڈی میں تحفظ بیت المقدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کا معاہدہ مسترد کرتے ہیں۔ فلسطین کا مسئلہ عربوں کا نہیں، ہم سب کے ایمان کا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان اہل فلسطین واہل غزہ کے ساتھ ہے۔ فلسطین سے پیچھے ہٹے تو کشمیر سے بھی دستبردار ہونا پڑ سکتا ہے۔

سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو یک زبان ہو کر فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے آواز بلند کرنا ہوگی۔