ساؤتھمپٹن: (دنیا نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں چوتھے روز صرف 10.2 اوورز کا کھیل ہوا۔ اس سے قبل تیسرے دن کا کھیل بھی بارش کی وجہ سے ممکن نہیں ہو سکا تھا۔
ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 236 رنز بنا سکی۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے جنھوں نے 72 رنز بنائے۔ گزشتہ روز بھی وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ دوسرے دن کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 223 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ کے سٹورٹ براڈ 4 اور جیمز اینڈرسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیوران اور کرس ووکس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی اننگز شروع ہوئی تو پہلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے روری برنز کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ بارش سے قبل چوتھے روز کے کھیل کے اختتام تک ڈوم سبلی اور زیک کرولی وکٹ پر موجود ہیں اور انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 7 رنز بنائے ہیں۔