آئی پی پیز کیساتھ معاہدے سے بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، وزیر توانائی

Published On 17 August,2020 09:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے ساتھ طے پانے والے معاہدے سے ملک میں بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور تقسیم کا نظام بہتر ہوگا۔

وفاقی وزیر نے پیر کے روز اسلام آباد میں توانائی کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد قاسم کے ہمراہ ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے سے صنعتی شعبے کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں اصلاحات متعارف کروا رہی ہے تاکہ ملک میں ستر فیصد بجلی مقامی سطح پر پیدا کی جا سکے۔ وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں توانائی کے قابل تجدید اور متبادل ذرائع کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی سیکٹر سابق حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے خراب ہوا۔ اپوزیشن اس لیے چلا رہی ہے کہ ہماری حکومت ہر شعبے میں کارکردگی دکھا رہی ہے۔ ملک کے وسیع تر مفاد میں آئی پی پیز نے ہماری بات مان لی۔

عمر ایوب نے بتایا کہ بجلی ٹیرف میں کمی اصلاحات کا بنیادی جز ہے۔ نجی شعبے نے خوش دلی سے ہمارے مطالبات تسلیم کیے۔ وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ گردشی قرضوں کو حل کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ سابق حکومتوں نے توانائی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں نہیں کیں۔