رواں سال کامیاب جوان پروگرام سے روزگار کے 50 ہزار مواقع پیدا ہونگے، عثمان ڈار

Published On 16 August,2020 10:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت تقریبا مزید پانچ ارب روپے تقسیم کئے جائینگے اور توقع ہے کہ اس سال کے آخر تک 50 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے۔

گزشتہ دو سال میں تحریک انصاف حکومت کی طرف سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ قرضے یوتھ انٹرپنیورشپ سکیم کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے رجسٹرڈ دس ہزار نوجوانوں میں تقسیم کئے جائینگے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ سکیم کے اجراء سے ابتک 2190 اہل افراد کو پہلے ہی ایک ارب روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں۔ متعلقہ بینکوں نے 7592 اقسام کے کاروبار کیلئے 3 ارب روپے کی منظوری دی ہے۔