لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور سے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورت حال پر بات چیت کی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرورکا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان کی ایمانداری پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا، افرتفری اور نا امیدی پھیلانے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، آئین و قانون کی حکمرانی پر حکومت کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، حکومت کے 2 سال مکمل ہوچکے باقی 3 سال بھی پورے کریں گے۔
چودھری سرور نے کہا کہ ملک پہلی بار درست سمت میں کامیابی سے آگے بڑ ھ رہا ہے، معاشرے کے کمزور طبقے کی مضبوطی کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومتی پالیساں کامیاب ہو رہی ہیں، معاشی اور سفارتی محاذ پر پاکستان نے دنیا میں اپنا مقام بنایا ہے، موڈیز اور فیچ بھی پاکستان کی معاشی ریٹنگ کو مثبت قرار دے رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکومت نے اپنی بہترین منصوبہ بندی سے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم اور احساس پروگرام غر یب دوستی کی عظیم مثال ہیں، عوام حکومتی پالیسیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان ہی وہ لیڈر ہے جو ملک کو مضبوط اور خوشحال بناسکتے ہیں۔