وزیراعلیٰ پنجاب سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر دفاع پرویز خٹک کی ملاقات

Published On 18 August,2020 11:05 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ایوان وزیر اعلی لاہور میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی رابطوں کے سلسلے کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے عمران خان کی انسداد کورونا کی کامیاب پالیسی کی تعریف کی گئی۔ اسد قیصر اور پرویز خٹک نے پنجاب حکومت کے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بروقت اقدامات کو سراہا۔

اس موقع پر وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقی ایک جگہ مرتکز کرنے کے بجائے دائرہ کار وسیع کر دیا، سیاسی شعبدہ بازی کا دور گزر گیا، عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ترقیاتی منصوبوں میں ارکان قومی اسمبلی سے مشاورت قابل تحسین ہے، پنجاب میں کورونا سمیت متعدد مواقع میں دوسروں صوبوں کیلئے قابل تقلید مثال قائم کی۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ترقی کے سفر میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون قابل تحسین ہیں۔