لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ نیب نے مجھے بطور مجرم نہیں گواہ بلایا، دامن صاف ہے، نیب نے جتنے سوالات کیے، سب کا جواب دوں گا، فرنٹ فٹ پر کھلیں گے، وزیراعظم عمران خان کا مجھ پر مکمل اعتماد ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ڈیڑھ سال میں 13 خصوصی اقتصادی زونز پر کام کا آغاز کیا، راوی کنارے نیا شہر آباد کرنے کا فیصلہ کیا، بڑھتے مسائل کو حل کرنے کیلئے نیا شہر آباد کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، معیشت بحال ہوئی اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، زراعت کے شعبے میں اصلاحات لا رہے ہیں۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا حکومت کی توجہ جنوبی پنجاب کی ترقی پر ہے، کم ترقی یافتہ علاقے ہماری ترجیح ہیں، جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے سیکرٹریٹ فعال ہوگیا۔ انہوں نے کہا سمارٹ لاک ڈاؤن کی بدولت کورونا سے نمٹنے میں کامیاب ہوئے، مربوط تعاون اور حکمت عملی سے صورتحال میں بہتری آئی، ماڈل پولیس سٹیشن کے منصوبے کو آگے بڑھائیں گے۔