اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کو مفرور قرار دینے کی کارروائی رکوانے کیلئے درخواست خارج کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سابق وزیراعظم کی درخواست پر سماعت کی۔ نواز شریف نے توشہ خانہ سے سرکاری گاڑی تحفے میں لینے کے مقدمے میں عدم پیشی پر مفرور قرار دینے کی کارروائی رکوانے کی استدعا کر رکھی تھی۔
آج دوران سماعت سابق وزیراعظم کے وکیل جہانگیر جدون نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ درخواست واپس لینا چاہتے ہیں کیونکہ ان کے موکل نواز شریف نے درخواست واپس لینے کی ہدایت دی ہے۔ اسلام آباد ہای کورٹ نے نواز شریف کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے مفرور قرار دینے کو چیلنج کرتے ہوئے اپنے نمائندے کے ذریعے توشہ خانہ ریفرنس کے ٹرائل کی اجازت دینے کی استدعا کر رکھی تھی۔