اسلام آباد: (دنیا نیوز) اطلاعات ونشریات کے وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ کی طرح مضبوط ہیں اور ہم ان تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
جمعہ کے روز اسلام آباد میں سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی سے ملاقات کے دوران انہوں نے پاک سعودی تعلقات کو دلوں کا تعلق قرار دیا۔ وزیر اطلاعات نے اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام میں خادم الحرمین الشریفین کا بہت احترام ہے۔
انہوں نے کوروناوائرس کی عالمگیر وباء کے باعث درپیش مشکلات کے باوجود اس سال سعودی حکومت کی طرف سے کئے گئے حج انتظامات کی تعریف کی۔
فریقین نے ذرائع ابلاغ اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون اور اشتراک مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنمائوں نے ایسے پروگرام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا جن میں اسلامی ثقافت کی صحیح عکاسی کرتے ہوئے مسلمان مشاہیر کی زندگی اور کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہو۔