اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کے بعد ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کرپشن ریفرنس میں بھی نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردیں۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کے بعد نوازشریف، مریم نواز، کیپٹن صفدر ضمانت پر ہیں۔ احتساب عدالت نے 6 جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں قید و جرمانہ کی سزا سنائی تھی، نواز شریف کو دس سال، مریم نواز کو سات سال،کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ایون فیلڈ ریفرنس کی پہلے سماعت کرنے والا بینچ تبدیل کر دیا گیا ہے۔
نوازشریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل کی سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی یکم ستمبر کو سماعت کریں گے۔نواز شریف کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو اپیل کی سماعت پر عدالت پیش ہونا پڑے گا۔
واضح رہے کہ العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں بھی نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے جس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ یکم ستمبر کو کرے گا۔