لاہور: (دنیا نیوز) عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی، لگتا ہے وزیراعظم عثمان بزدار کو سکھانے کیلئے لائے ہیں، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ دو سال میں نہیں بناسکے، چینی کمیشن کی رپورٹ کے بعد کس کے خلاف کارروائی ہوئی، پنجاب میں ٘محکمے 40، ترجمان 54 ہیں۔
لاہور میں ترجمان مسلم لیگ ن پنجاب عظمیٰ بخاری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ایک ریموٹ کنٹرول کھلونا پنجاب پر مسلط کر دیا گیا، آپ کی اپنی کارکردگی کیا ہے ؟ لوگ پوچھ رہے ہیں آٹا اور چینی کہاں ہے ؟ 2 سالہ نااہلی کی داستان سب کے سامنے ہے، 3 فیصد مہنگائی پر حکمران چور تھے تو آپ کو کیا لقب دیا جائے ؟۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا آپ کو شہباز شریف کی تختی پر تختی لگانی پڑتی ہے، آپ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو حلقے کے لوگ ڈھونڈ رہے ہیں، وزیراعظم نے کہا میں تو سیکھ گیا بزدار سے متعلق اب بھی یقین نہیں،وزیراعظم نے اپنے اور بزدار سے متعلق بھی زیر تربیت ہونے کا کہا، عمران خان ملکی ترقی کو منفی سطح پر لے گئے۔
لیگی رہنما نے کہا وزیر اطلاعات روز پریس کانفرنس کرتے اور گانا گاتے ہیں، اب لوگ کارکردگی کے بارے میں پوچھتے ہیں، چینی کمیشن رپورٹ کے بعد کس کے خلاف کارروائی ہوئی ؟ فواد چودھری کہتے ہیں وہ کھاتا ہے نہ کھلاتا ہے، وہ کھاتا ہے، کھلاتا ہے، رپورٹ شائع کر کے بچ بھی جاتا ہے۔