کراچی بارشیں: کے الیکٹرک کا کرنٹ لگنے سے ہونیوالی اموات پر غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کااظہار

Published On 27 August,2020 05:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کے الیکٹرک کی جانب سے پریس کو جاری کردہ ایک بیان میں،حالیہ مون سون بارشوں کے دوران، کرنٹ لگنے سے ہونے والی اموات پر گہرے رنج و غم کے ساتھ غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کااظہار کیا ہے۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے، کے الیکٹرک ہمیشہ شہریوں کی بھلائی کے لیے کوشاں رہتا ہے اور، مون سون کی اِن بارشوں کے دوران بھی،ادارہ باقاعدگی سے احتیاطی تدابیر اور تحفظ کے بارے میں اپنے پیغامات صارفین تک پہنچاتا رہا ہے۔

تاہم 25 اگست 2020ء کومقامی اخبارات کے مطابق، کرنٹ لگنے سے ہونے والی چار اموات پر ادارے نے گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام حادثات، مختلف عمارتوں میں ٹوٹے ہوئے تاروں اور اسٹریٹ لائٹ کے کھمبوں کے باعث رونما ہوئے تھے۔

میڈیا کو جاری کردہ بیان میں ،غمزدہ خاندانوں سے ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے، کے الیکٹرک کے ترجمان نے جہاں اِن حادثات کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ وہیں یہ بات بھی واضح کی ہے کہ یہ حادثات کے الیکٹرک کے انفرااسٹرکچر کی وجہ سے رونما نہیں ہوئے۔

دستیاب تفصیلات کے مطابق کرنٹ لگنے سے ہونے والی ایک موت، ہارون آباد میں قائم ایک فیکٹری کے اندر واقع ہوئی۔ کرنٹ لگنے سے ہلاکت کا دوسرا واقعہ گلبہارکالونی میں اُس وقت پیش آیا جب ایک شخص اپنے گھر میں لائٹ بلب ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔تیسرا واقعہ پاکستان چوک کے علاقے کے ایک (اسٹریٹ لائٹ)کھمبے سے پیش آیا، یہ کھمبا شہری انتظامیہ کی حدود میں نصب تھا۔ چوتھا واقعہ گلبرگ بلاک 12 میں پیش آیا۔ جہاں رپورٹ کے مطابق، متوفی اپنے گھر کے اندر وائرنگ کر نے کے دوران کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوا۔

کے الیکٹرک نے ایک مرتبہ پھر اِس بات پر زور دیا ہے کہ کمپنی کے لیے انسانی جان کا تحفظ انتہائی ترجیح رکھتا ہے اور اس سلسلے میں پاور یوٹیلیٹی، تحفظ کے حوالے سے اپنے پیغامات میں، شہریوں پر زورد یتا رہا ہے کہ وہ بجلی کے انفرااسٹرکچر سے محفوظ فاصلے پر رہیں
 

Advertisement