اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ میں کورونا کی وبا کے تناظر میں ترقی پذیر ممالک کو درپیش اقتصادی بحران سے نمٹنے کیلئے امداد کی فراہمی پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ایک ویڈیو سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کیلئے قرضوں کی ادائیگی میں رعایت کی تجویزدی تھی جس کی تائید اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مالیاتی بحران سے نمٹنے کی خاطرترقی پذیر ممالک کی مدد کیلئے بڑے ممالک اور عالمی مالیاتی فنڈ کو25 ارب ڈالرز کا بندوبست کرنا چاہئے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سماجی و اقتصادی کونسل کے پاس لوگوں کی زندگیوں اور روزگار میں بہتری لانے سے متعلق اقتصادی تعاون کے فروغ کا اختیار اور بصیرت موجود ہے۔