امن ویکجہتی: افغانستان پاکستان لائحہ عمل کا دوسرا جائزہ اجلاس کابل میں ہوگا

Published On 30 August,2020 10:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امن ویکجہتی کیلئے افغانستان پاکستان لائحہ عمل کا دوسرا جائزہ اجلاس کل کابل میں ہوگا۔

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سینئر حکام پر مشتمل پاکستانی وفد کی قیادت کریںگے جبکہ افغان وفد کی قیادت افغانستان کے نائب وزیر خارجہ کریںگے۔

امن اور یکجہتی کیلئے افغانستان پاکستان ایکشن پلان کیلئے لائحہ عمل 2018ء میں بنا تھا جو پانچ ورکنگ گروپس پر مشتمل ہے جن میں سیاسی وسفارتی، افواج کے درمیان روابط، خفیہ اداروں کے درمیان تعاون، معیشت اور پناہ گزینوں کے مسائل پر توجہ دی گئی ہے۔

دوسرے اجلاس کے دوران لائحہ عمل کے تحت تمام پانچ ورکنگ گروپس پہلے اجلاسوں میں ہونے والی بات چیت اور فیصلوں پرعملدرآمد میں پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے آگے بڑھنے کے طریقہ کار پر غور کریںگے۔

یہ ورکنگ گروپس مشترکہ مسائل کے حل اور باہمی اعتماد مستحکم کرنے کیلئے ایک اہم فورم ہیں اورامن، استحکام، خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے بھی ضروری ہیں۔