اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ترجیح کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ہے، کاروبار سے منسلک نوجوانوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ممکن حد تک مراعات دینے کیساتھ ساتھ حائل رکاوٹوں، مشکلات کو دور کرنا اور کاروبار کے لئے موافق فضا میسر کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کامیاب کاروباری شخصیات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وزیرِ صنعت محمد حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری بھی شریک تھے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وفد نے اپنے متعلقہ شعبہ جات میں کاروباری تجربات، حکومت کی پالیسیوں کے اثرات اور کاروباری فضا کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز وزیرِ اعظم کو پیش کیں۔
وزیرِاعظم نے ایز آف ڈوئنگ بزنس، آن لائن منظوریوں کے نظام کو متعارف کرانے، آسان شرائط پر قرض کی فراہمی جیسے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اور حکومت ان نوجوانوں کی سہولت کاری کے حوالے سے ہر ممکنہ اقدامات اٹھانے کے لئے پرعزم ہے۔
عمران خان نے خاص طور پر زور دیا کہ زراعت و دیگر شعبوں میں ٹیکنالوجی اور جدت کو متعارف کرانے کے حوالے سے خصوصی طور پر توجہ دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی مصنوعات کی کوالٹی اور معیار کو یقینی بنانے اور ملک میں معیاری لیبارٹریز کے قیام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات کوبین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔