لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کراچی تبدیل ہونے جارہا ہے۔ ملک بھر میں ریلوے کو آرگنائز کریں گے، ہیڈکوارٹر کو آدھا کراچی شفٹ کریں گے۔
لاہور میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے میو گارڈن میں ریلوے کے سبکدوش ہونے والے افسران کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے آج کراچی کے لیے 1100 ارب کے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکیج پر صحیح معنوں میں عمل ہوا تو کراچی والے سکھ کا سانس لیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے ایک طرف گورنر عمران اسماعیل اور دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھےجو بڑی بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو اس چیز سے غرض ہے کہ ان کے مسائل ہوں، ملکی سیاست اور کراچی کی حالت کا رخ بدل رہا ہے۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ ریلوے کے نوجوان افسروں سے کہوں گا وہ آگے آئیں، ہم نے ایم ایل ون پر بھی کام کرنا ہے اور لاہور، کراچی کو ہم پلہ بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ریلوے کو آرگنائز کریں گے، ہیڈکوارٹر کو آدھا کراچی شفٹ کریں گے۔