اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا، جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، وفاقی کابینہ کو اہم معاشی اعشاریوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
15 نکاتی ایجنڈے میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کا دائرہ کار بڑھانے کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی آرڈیننس سمیت چئیرمین وفاقی بورڈ انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔ پورٹ قاسم کراچی پر ایل این جی ٹرمینل کے قیام کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔
پاکستان میں فیری سروس کے آغاز کی منظوری دی جائے گی۔ نیپرا سالانہ رپورٹ 2018-19 اور انڈسڑی رپورٹ 2019 پش کی جائے گی۔ کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت رینجرز کو فرائض سونپنے کا معاملہ ایجنڈے میں بھی شامل ہے۔ مارگلہ روڈ اسلام آباد پر تجاوزات سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
پبلک اینڈ پرائیویٹ تعمیرات کے تقابلی جائزہ اور پیپرا رولز پر بریفنگ دی جائے گی۔ سی ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کے درمیان کام کی تقسیم کے معاملہ پر غور ہوگا۔ اسلام آباد میں بجلی میٹرز کی تنصیب کے کابینہ 2005 کے فیصلہ پر نظر ثانی کی جائے گی۔