اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا۔ شہداء کے لیے خصوصی دعائیں اور قرآن خوانی کی گئی۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا پاکستان کی بہادر مسلح افواج اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہیں۔
مرکزی تقریب ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ 7 ستمبر کے یادگار اور تاریخی دن کے موقع پر میں پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروزکو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جو دشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
ائیر چیف نے کہا کہ آج ہم اپنے شہداء، غازیوں کے عزم، ہمت اور جذبہ قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عہد کی تَجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنے پاک وطن پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ، پاکستان کی بہادرمسلح افواج اپنی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہیں اور دشمن کو عبرت ناک شکست سے دو چار کرنے کی بھر پور اہلیت رکھتی ہیں۔
سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انور خان نے مزید کہا کہ وطن کا دفاع، اس کی مضبوطی و سَربلندی اور اس کی تعمیر و تَرقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ ہمارا پاکستان ہر محاذ پر مزید کامیاب ہو، کشمیر کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اُن کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھی اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں جو سات دہائیوں سے ظلم اور تَسلط کے خلاف جِدّوجُہد کر رہے ہیں۔
قبل ازیں ائیر چیف نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسرز، افسران اور ائیر مین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاک فضائیہ کے ایک دستے نے ائیر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ کی سر کردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
بعد ازاں ملک بھر میں پاک فضائیہ کے شہداء کی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔