یوم دفاع پر شہدا کو سلام، پاکستان کشمیریوں‌ کے ساتھ کھڑا رہے‌ گا: وزیر اطلاعات

Published On 06 September,2020 11:10 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ یوم دفاع کے موقع پر شہدائے پاکستان اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، آج کے دن اس عزم کی بھی تجدید کرتے ہیں‌ کہ کشمیریوں‌ کا ہر محاذ پر ساتھ دیں‌ گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن اس عزم کی تجدید بھی کرتے ہیں کہ پاکستان کشمیریوں کیساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔ عمران خان ہر فورم پر کشمیریوں کی وکالت کرتے رہیں گے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ 6 ستمبر بہادری اور ہمت کی زندہ مثال کے طور پرہمیشہ یاد رہے گا، آج کے دن تجدید کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو حق ملنے تک ان کی آواز بنے رہیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی جنگ ستمبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا،ان کا کہنا تھا کہ 1965 کی جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن باب ہے،
وطن کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا اور بھارتی افواج کے نا پاک عزائم کو ناکام بنایا۔ وطن کے تحفظ کیلئے اسی جذبہ اور عزم کو ہمیشہ قائم رکھیں گے۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے بھی جنگ ستمبر کے شہدا کو سلام پیش کیا، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ وطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے والے مسلح افواج کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
 

 

Advertisement