اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، سندھ حکومت نے 12 سالہ اقتدار میں شہر قائد کو تباہ حال کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کراچی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، کراچی کے مسائل ہمارے مسائل ہیں، وزیراعظم کراچی کی رونقیں، حقیقی شناخت بحال کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا آج کراچی کیلئے بڑا دن، ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، آج وزیراعظم عمران خان کراچی کو اس کی خوبصورتی، روشنیاں اور وقار لوٹانے کا اعلان کریں گے، عمران خان کراچی کو مافیا سے نجات دلانے جا رہے ہیں، جس مافیا نے کراچی کی قسمت میں گندا پانی، کچرا، قبضہ مافیا اور بد ترین ٹرانسپورٹ کا نظام لکھ رکھا تھا۔