کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، وہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کریں گے، اتحادیوں سے ملاقات کا بھی پروگرام ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر اجلاس جاری ہے جس میں وزیر اعلی سندھ ڈاکٹر مراد علی شاہ، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی اور صوبائی وزراء شریک ہیں، اجلاس میں مجوزہ پلان پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔
کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی تیاری اور ترقیاتی منصوبوں پر 802 ارب خرچ ہوں گے، 300 ارب روپے کا کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ بھی ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہوگا۔ سرکلر ریلوے کے لیے 250 ارب روپے چینی حکومت فراہم کرے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے منصوبوں پر 447 ارب 45 کروڑ خرچ ہوں گے، پلان کے تحت ماس ٹرانزٹ سسٹم کے 6 منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا، سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کا تخمینہ 62 ارب 30 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔