وزیراعظم کا کراچی کے لوگوں کو درپیش مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ

Published On 03 September,2020 06:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ماضی میں کراچی کے لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب، ٹھوس فضلے کو ٹھکانے لگانے کے انتظام، نالوں کی صفائی اور ٹرانسپورٹ جیسے مختلف درپیش مسائل کے حل پرکوئی توجہ نہیں دی گئی۔

اسلام آباد میں کراچی کو بہتر بنانے کے منصوبے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انتظامی خامیوں کو بے نقاب کرنے کے علاوہ حالیہ بارشوں سے شہر کے لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے اور وفاقی حکومت اس حقیقت سے مکمل طورپر آگاہ ہے۔

وزیراعظم نے شہر کو بہتربنانے کے منصوبے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف منصوبوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ایک بااختیار اور موثر نظام وضع کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ پانی کی فراہمی کی سکیم، نکاسی آب، ٹھوس فضلے کو ٹھکانے لگانے کا انتظام اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اختیارات کسی مستند منتظم یا بلدیاتی حکومت کے سپرد کر دئیے جائیں۔
 

Advertisement