وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس، صوبائی سپورٹس بورڈز کی ازسرنو تشکیل کی ہدایت

Published On 04 September,2020 08:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے صوبائی سپورٹس بورڈز کی ازسرنو تشکیل اور نیا سپورٹس میپ مرتب کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس ہوا ہے جس میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیلوں کا بے پناہ پوٹینشل ہے۔ ماضی میں ہمارے کھلاڑیوں نے کرکٹ، ہاکی، سکواش اور دیگر روایتی کھیلوں میں سالہا سال ملک کا نام روشن کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ لیکن بدقسمتی سے سفارشی کلچر، کرپشن، میرٹ کی حوصلہ شکنی اور نااہلی سے کھیلوں میں کارکردگی غیر معیاری ہوئی۔ انہوں نے ضلعی سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ اور مقابلہ سازی کے لئے تنظیمی ڈھانچے کی ازسرنو تشکیل سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان میں کھیلوں کی بحالی کا آغاز ہوگا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی کا کھیلوں کا تنظیمی ڈھانچہ غیر فعال ہو چکا ہے۔ اس غیر فعال ڈھانچے کی وجہ سے قومی ٹیلنٹ کی بھی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔
 

Advertisement