لاہور: (دنیا نیوز) خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی پر حکومت چورن بیچنے کی کوشش کر رہی ہے، پہلے بھی لیگی قائد واپس آئے لیکن انصاف نہیں ہوا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت نہیں چاہتی نواز شریف واپس آئے، حکومت نواز شریف کی واپسی سے متعلق بے وقوف بنانے اور چورن بیچنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف کو اپنی صحت پر توجہ دینا چاہیے، پارٹی کا مشورہ ہے کہ نواز شریف پہلے اپنی صحت کو ترجیح دیں۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا موجودہ حکومت اور اس کا طرز عمل پاکستانیوں کیلئے بوجھ بن چکا ہے، امید کرتا ہوں اے پی سی کے نتائج امید افزاء ہونگے۔ انہوں نے کہا کراچی پیکج وہی سبز باغ ہیں جو کئی سال عمران خان نے پوری قوم کو دکھائے، اب وہی خواب عمران خان کراچی کے لوگوں کو دکھا رہے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا وزیراعظم کراچی کیلئے 1100 ارب کا پیکج کا اعلان کر آئے ہیں، پاکستان کا کل ترقیاتی بجٹ 700 ارب کا ہے تو 1100 ارب کہاں سے آئے گا ؟ کراچی پیکج کا اعلان تو کر آئے ہیں عملدرآمد نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا پارلیمانی ڈھانچے کو تبدیل کرنا آئین کے ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے مترادف ہے، باتوں سے نظام نہیں بدلے گا، بانیان پاکستان نے پاکستان کیلئے پارلیمانی نظام کا انتخاب کیا۔